ورلڈ مارشل آرٹ میں پاکستانی کک باکسنگ کی دوسری پوزیشن
قاہرہ: پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کک باکسنگ ٹیم نے مصر میں ہونے والی ورلڈ مارشل آرٹ چیمپیئن شپ میں 2گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔چیمپیئن شپ میں پاکستان، مصر، تیونس، تنزانیہ، الجزائر، آذربائیجان، روس، بنگلہ دیش اورمراکش کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان کک باکسنگ ٹیم کے نمایاں کھلاڑیوں میں محمدگل نے 75کلو گرام میں گولڈ میڈل، محمد عارف نے 70کلو گرام میں گولڈ میڈل، محمد عباس نے 52کلو گرام میں برانز میڈل، طاہر رحیم نے 56کلو گرام میں سلور میڈل حاصل کرکے کک باکسنگ میں پہلی مرتبہ عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کیا۔اس چیمپیئن شپ میں پاکستان نے ایک اور اعزاز بھی حاصل کیا اور پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے سیکریٹری محمد اشفاق نے ممبر چیف جیوری اور بطور ریفری خدمات انجام دیں اور بیسٹ ریفری اینڈ ججنگ کا ایوارڈ حاصل کیا۔چیمپیئن شپ میں کامیابی کے بعد پاکستان کک باکسنگ کی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، کراچی ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کا اسپورٹس حلقوں کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا گیا، فاتح کھلاڑیوں نے ڈائریکٹرجنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر نواز گنجیرا کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے پاکستان کک باکسنگ ٹیم کو چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کیلئے مکمل سپورٹ فراہم کی۔ پاکستان کک باکسنگ فیڈریشن کے صدر سمیع اللہ کاکڑ اور سیکریٹری محمد اشفاق نے وفاقی وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ سے درخواست کی ہے کہ کک باکسنگ اسپورٹس کی ترقی کیلئے کک باکسنگ فیڈریشن کو پاکستان اسپورٹس بورڈ سے رجسٹرڈ کرکے ملک میں اس کا مستقبل روشن کریں۔