Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیلیفورنیا : بے گھر شخص نے ریلوے اسٹیشن کی چھت پر خفیہ ٹھکانہ بنالیا

کیلیفورنیا ..... یہاں ایک بے گھر شخص نے سر چھپانے کی کوئی اور جگہ نہ ملنے پر ایک انوکھے خیال کو عملی شکل دیدی او رلوگوں کی نظریں بچا کر مقامی ریلوے اسٹیشن کی چھت پر اپنا ٹھکانہ بنالیا۔ معلوم نہیں کہ وہ کب سے اس میں رہ رہا تھا مگر چند دن قبل ہی اس کا یہ راز اس وقت فاش ہوا جب قریب کی ایک عمارت میں رہنے والے ایک شخص نے اسٹیشن کی چھت پر سے ایک شخص کو سائیکل سمیت نیچے اترتے دیکھا تو اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔ یہ منظر دیکھنے والے شخص کا کہناتھا کہ غالبا ً یہ شخص چھت پر رہتا تھا اور روزمرہ کے کاموں کیلئے سائیکل رکھتا تھا۔ اس موقع کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں نیلے اور پیلے رنگ کا خیمہ بھی ہے جسے کنکریٹ کے سیلنڈر کی شکل دیدی گئی ہے اور دور سے وہ کسی بڑے پیالے کی طرح نظر آتا ہے جبکہ اسکے اندر ایک چھوٹی سی سیڑھی بھی نظر آتی ہے۔ ریلوے حکام نے تمام معلومات حاصل کرنے کے بعد ریلوے اسٹیشن کے اوپر بنائے گئے ٹھکانے کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اسے منہدم کرادیا۔ واضح ہو کہ امریکہ میں بے گھر افراد کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور تازہ ترین شماریات کے مطابق صرف کیلیفورنیا میں بے گھر افراد کی تعداد ایک لاکھ30ہزار سے زیادہ ہے۔ یہ واقعہ اینٹیوک کے ایم ٹریک اسٹیشن پر پیش آیا۔ مقامی پولیس نے فیس بک پر اس عجیب و غریب ٹھکانے کی تین تصاویر بھی جاری کی ہیں جس سے اس میں رہنے والے شخص کی سوچ اور سمجھ دونوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے یعنی وہ بے گھر ضرور تھا مگر کم عقل نہیں تھا او راسی عقل کی مدد سے اپنا اچھا خاصا ٹھکانہ سب کی نظروں سے چھپا کر بنالیاتھا۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک ذمہ دار شخص کا کہنا تھا کہ اس شخص کو ریلوے اسٹیشن کی چھت سے اتارنے کیلئے بھی اچھی خاصی جدوجہدکرنا پڑی۔ محکمہ پولیس کا کہناہے کہ بے گھر ہونا کوئی جرم نہیں تاہم اتنے غیر محفوظ طریقے پر ٹھکانہ بنانا قانونی طور پر قانون کو برا لگتا ہے۔

شیئر: