Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز لیگ میں بڑا اپ سیٹ، مانچسٹر یونائیٹڈ لیگ سے باہر

 
اولڈ ٹریفورڈ:ہسپانوی کلب سیویلانے چیمیئنز لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں بڑا اپ سیٹ کرکے انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو1-2سے شکست دیتے ہوئے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کرلی جبکہ انگلش کلب لیگ سے باہر ہو گیا ہے ۔ پہلے مرحلے کا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا اور سیویلا نے دوسرے میچ میں کامیابی کے نتیجے میں انگلش کلب کو اس کے ہوم گراونڈ پر ہراتے ہوئے فائنل کی دوڑ سے آوٹ کردیا ۔ میچ کا پہلا ہاف برابر رہا اور تینوں گول دوسرے ہاف میں کئے گئے ۔سیویلا کے فرانسیسی اسٹرائیکر وسام بن حیدر نے 5منٹوں میں2گول کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ اور اس کے شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیااور میچ کے اختتام سے پہلے ہی اسٹیڈیم مقامی تماشائیوں سے خالی ہو چکا تھا جبکہ ایک کونے میں موجود  ہسپانوی تماشائی اپنی ٹیم کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ اگرچہ میچ ختم ہونے سے چند منٹ پہلے انگلش کلب کے کھلاڑی لوکاکو نے ایک گول کردیا تھا تاہم مانچسٹر یونائیٹڈ کی اپ سیٹ شکست پہلے ہی یقینی ہوچکی تھی ۔میچ کے کسی مرحلے میں میزبان ٹیم اپنے روایتی کھیل کا مظاہرہ نہیں کر سکی اور اس میں وہ جوش و جذبہ نظر نہیں آیا جس کے بل بوتے پر ہسپانوی کلب اسے زیر کرنے میں کامیاب ہوا۔ اپنے ہوم گراونڈ پر پہلے مرحلے کے میچ میں سیویلا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو  باندھ کر رکھا اور پھر ان کے میدان میں بھی انہیں کچھ کر دکھانے کا موقع نہیں دیا۔ وسام بن حیدر کو کوچ نے72ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اتارا تھا لیکن انہوں نے اگلے 6منٹوں میں وہ کر دکھایا جس کی کسی کو توقع نہیں تھی ۔   وسام نے انگلش کلب کے ہسپانوی گول کیپر کو  بڑی خوب صورتی سے چکمہ دے کر پہلا گول اسکور کیا اور صرف4منٹ بعد ساتھی کھلاڑی کے کراس پر ہیڈ کے ذریعے  دوسرا گول کرکے یہ برتری دگنی کردی ۔  بن حیدر اس سیزن میں کلب کے ٹاپ اسکور ر ہیں اور اس میچ میں بھی  وہ  ہیرو بن گئے۔ مانچسٹر یونائیٹڈ اس لیگ کا سابق چیمپیئن ہے لیکن  وہ ہسپانوی حریف کے سامنے بے بسی کا  شکار نظر آرہا تھا۔ کوچ جوز مورینہو نے پے درپے کئی تبدیلیاں کیں تاہم ٹیم خود پر طاری   جمود کو نہیں توڑ سکی۔

شیئر: