Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان حرمین ریلوے میں بہت جلد سفر کریں گے، گورنر مدینہ منورہ

مدینہ منورہ.... گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے کہا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز بہت جلد حرمین ریلوے کا سفر کریں گے۔ وہ مدینہ منورہ کا دورہ کرنے کے بعد حرمین ریلوے سے مکہ مکرمہ جائیں گے۔گورنر مدینہ منورہ نے جمعہ کو حرمین ریلوے سے سفر کرتے ہوئے مکہ مکرمہ پہنچے جہاں مسجد الحرام میں جمعہ کی نماز ادا کی۔ انہوں نے کہا کہ حرمین ریلوے دونوں مقدس شہروں کو جوڑنے والا مثالی منصوبہ ہے جس سے خادم حرمین شریفین کی حکومت کی خدمات کا اندازہ ہوتا ہے۔ ضیوف الرحمن کی خدمت کے علاوہ انہیں مقدس شہروں تک رسائی کے لئے آسان، محفوظ اور تیز ترین ذریعہ فراہم کیا جارہا ہے۔ اس کے ذریعہ عازمین اور معتمرین کو سہولت ہوگی ۔ ریلوے پر کام کرنے والے سعودی نوجوانوں کی تندہی پر فخر ہے۔ یہ نوجوان انتہائی باصلاحیت اور جذبہ خدمت سے سرشار ہیں۔واضح رہے کہ مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ سفر کے دوران مسجد نبوی شریف کے ائمہ بھی گورنر کے ہمراہ تھے۔شہزادہ کے ساتھ سفر کرنے والوں میں وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر نبیل العمودی، ریلوے حکام اور گورنریٹ کے اعلی افسران بھی شامل تھے۔ مکہ مکرمہ پہنچنے پر مکہ مکرمہ گورنریٹ کے سکریٹری اور مکہ مکرمہ کے میئر محمد القویحص کے علاوہ دیگر عہدیداران نے استقبال کیا۔ حرم مکی شریف پہنچنے پر حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس کے علاوہ دیگر مشائخ نے استقبال کیا۔گورنر مدینہ منورہ نے حرم مکی شریف میں جمعہ کا خطبہ سنا اور نماز ادا کی۔

شیئر: