اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے12برس مکمل
پاکستان کے افسانوی شہرت یافتہ اداکار محمد علی کومداحوں سے بچھڑے 12برس مکمل ہو گئے۔محمد علی پاکستان فلم انڈسٹری لالی وڈکا بہت بڑا نام اور سرمایہ اداکار تھے ۔ان کافلمی سفر 1962 میں’ ’چراغ جلتا رہا‘ ‘سے شروع ہوا، پھران کے فن کا چراغ برسوں روشن رہا۔شہنشاہ جذبات کا خطاب پانے والے اداکار محمد علی کے ذکر کے بغیر پاکستان فلم انڈسٹری کی سنہری تاریخ ادھوری رہتی ہے۔آگ کا دریا، انسان اور آدمی،شمع، آئینہ اور صورت، کنیز، جانے انجانے ، بھروسہ اور صاعقہ جیسی فلموں میں جاندار اداکاری کرنے والے محمد علی جیسے فنکار صدیوں میںپید ہوتے ہیں۔محمد علی اور اداکارہ زیبا کی شادی 29 ستمبر 1966 کو ہوئی۔ فلمی زندگی کی طرح حقیقی زندگی میں بھی علی ،زیباکی جوڑی انتہائی کامیاب رہی۔ باوقار شخصیت اور جاندار آواز،تلفظ کی ادائیگی اور زبان پر گرفت، محمد علی کا خاصہ تھی۔انہیں10 نگار ایوارڈز، پرائیڈ آف پرفارمنس اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیاتھا۔