Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قیادت سے مخلص ہوں ، شہزادہ ولید بن طلال

 ریاض.... معروف ارب پتی تاجر شہزادہ ولید بن طلال نے کہا ہے کہ وہ قائد مملکت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مخلص ہیں ۔ بلومبرگ ٹی وی چینل کو انٹرویودیتے ہوئے شہزادہ ولید بن طلال نے مزید کہا کہ میرے حوالے سے جو باتیں غیر ملکی میڈیا میں پھیلائی جارہی تھیں وہ قطعی طور پر بے بنیاد ہیں ان ہی افواہوں کا جواب دینے کےلئے میں آج اپنا موقف سب کے سامنے پیش کر رہا ہوں ۔ شہزادہ ولید بن طلال نے مزید کہا کہ خادم حرمین شریفین میرے چچا ہیں اور ولی عہد مملکت چچازاد ہیں ۔مملکت آل سعود اور آل عبدالعزیز کی کاوشوں اور قربانیوں سے وجود میں آئی ۔ میں اپنے مکمل آزادی اور قلبی سکون کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ مملکت سعودی عرب میرا وطن اور خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت ہمارے قائد ہیں جو ہمارے لئے باعث احترام ہیں ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شہزادہ ولید بن طلال نے کہا کہ دوران حراست انہیں کسی قسم کی جسمانی اذیت نہیں دی گئی ۔ ریٹز کارٹنز ہوٹل میں ہمیں ہر طرح کی سہولت حاصل تھی ۔ میرے معمولات پرکوئی قدغن نہیں تھی ۔ مجھے بہترین کمرے فراہم کئے گئے تھے ۔ شہزادہ ولید نے غیر ملکی میڈیا رپورٹوں کی مکمل تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں مکمل ذمہ داری سے اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ دوران ریٹیز کارلیٹن ہوٹل میں ہمیںکسی طرح سے اذیت نہیں دی گئی ۔ میرے حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ مجھے جیل میں رکھا گیا ہے جو بے بنیاد اور جھوٹ ہے ۔ دوران قیام دن میں کئی بار میرے مخصوص ڈاکٹر آتے تھے جبکہ کھانے کےلئے بھی میری پسند کے مطابق انتظام کیا گیا تھا ۔ میں ہوٹل کے پول میں پیراکی بھی کیا کرتا تھا ۔ جسمانی طور پر فٹ رہنے کےلئے میں ورزش کا عادی ہوں اور ہوٹل میں قیام کے دوران میں نے ان معمولات میں فرق آنے نہیں دیا ۔اپنے انٹرویو میں شہزادہ ولید نے مزید کہا کہ رہائی کے بعد یہ کہا جارہا ہے کہ میں مجھ پر اور میرے اہل خانہ پر سفر کرنے کی پابندی ہے تو یہ واضح کر دوں کہ ایسی کوئی بات نہیں گزشتہ روز ہی میرا بیٹا بیرون ملک سے واپس آیا ہے اور میں بھی مکمل طور پر آزاد ہوں ایسی کوئی پابندی مجھ پر کسی جانب سے عائد نہیں کی گئی ۔

شیئر: