Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آب زمزم کنویں کی صفائی و توسیع مکمل،آئندہ ہفتے مطاف تمام زائرین کیلئے کھل جائیگا

مکہ مکرمہ .... امور حرمین شریفین کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آب زم زم کا توسیعی منصوبہ مکمل ہو چکا آئندہ ہفتے سے مطاف تمام زائرین کےلئے کھول دیا جائے گا ۔ المدینہ اخبار کے مطابق امور حرمین کی جانب سے آب ز م زم کے کنوئیں کی توسیع اور صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ۔ انتظامیہ کی جانب سے کام مکمل ہونے کے بعد مطاف میں لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا نے کا کام کیا جارہا ہے ۔ ز م زم کنوئیں کا توسیعی کام قبل از وقت مکمل کر لیا گیا ۔ منصوبے پر 24 گھنٹے کام کیا گیا جس میں ہزاروں ماہرین اور کاریگروں نے شرکت کی ۔ اس ضمن میں امور حرم کے معاون نگران برائے خدمات مشھور بن محسن المنعمی کا کہنا ہے کہ آب ز م زم کے کنوئیں کی توسیع اور صفائی کا کام مقررہ منصوبے کے مطابق مکمل ہو ۔ اب منصوبے کے اطراف لگائی جانے والی رکاوٹیں ہٹائی جارہی ہیں تاکہ اس حصے کی صفائی مکمل کر کے آئندہ ہفتے تک مطاف کا صحن عام زائرین کےلئے بھی کھول دیا جائے ۔ آب ز م زم کے کنوئیں کا منصوبہ ماہ صفر میںشروع کیا گیا تھا جس میں 3 ہزارمربع میٹر کے رقبے کو دوبارہ کھول کر زیر زمین آب ز م زم کی گزر گاہوں کو چوڑا کرکے وہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اطراف کی دیواروں کو جراثیم کش آلات اور ادویات کے ذریعے صاف کیا گیا ۔ منصوبے پر 781 کارکنوں نے خدمات انجام دیں جبکہ 39 مشنیں اور گاڑیاں استعمال ہوئیں ۔ منصوبے کو شروع کرنے کےلئے 2231 مربع میٹر کے رقبے پر لگائی گئی سیرامک ٹائلز اکھاڑی گئی ۔ منصوبے کے مکمل ہونے کے حوالے سے زائرین کا کہنا ہے کہ صحن مطاف کھل جانے سے بہت آسانی ہوگی کیونکہ منصوبے پر کام کے دوران صرف احرام والے معتمرین کو ہی زیریں صحن میں طواف کرنے کی اجازت ہوتی تھی ۔ جو لوگ صرف طواف کرنا چاہتے تھے وہ بالائی منزل سے کرتے تھے جس کا دورانیہ کافی زیادہ ہوتا تھا ۔ زائرین کا کہنا ہے کہ مطاف سے طواف کرنا بالائی منزل سے طواف کرنا نسبتا آسان ہو تا ہے کیونکہ بالائی منزل کا رقبہ کافی بڑا ہے ۔ آب ز م زم کنوئیں کی توسیع کے دوران حرم شریف کے تمام داخلی دروازوں پر متعین اہلکار زیریں مطاف میں صرف ان افراد کو جانے دیتے تھے جو احرام پہنے ہوتے تھے ۔ اس ضمن میں انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مطاف میں جاری ترقیاتی منصوبے کی وجہ سے عارضی طور پر مطاف کو بند کیا گیا ہے تاکہ زائرین کا ازدحام نہ ہو اور وہ افراد جو عمرہ کرنے آئے ہیں وہ آرام سے طواف کر سکیں ۔ حرم شریف کے دروازوں پر متعین اہلکار صرف طواف کرنے والوں کو بالائی منزل پر بھیج دیتے تھے ۔ انتظامیہ نے حرم شریف کے اند ر بھی ایسا اہتمام کیا تھا کہ بغیر احرام کے کوئی شخص زیریں مطاف میں نہیں جاسکتا تھا البتہ مخصوص مقام پر جاکر نوافل ادا کرنے کی اجازت تھی یہ وہ حصے تھے جو جہاں رکاوٹیں بناکر اسے مطاف سے جدا کر دیا گیا تھا ۔ 
 

شیئر: