داعش سرحدوں کے قریب مضبوط ہور ہی ہے، پاکستان
اسلام آباد... ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ داعش پاکستان، ایران اور وسطی ایشیا کی سرحدوں کے قریب مضبوط ہورہی ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کے قیام اور ترقی کے لئے کوشش کی۔ آئندہ بھی افغان امن عمل کی حمایت کرتے رہیں گے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان کابل کا دورہ بھی کریں گے۔اسلام آباد میںپریس بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہاکہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔آزادی کے لئے اٹھائی جانے والی آواز کو عالمی برادری تک پہنچنے سے روکنے کے لئے مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ عالمی برادری اس تمام صورتحال کا نوٹس لے۔ترجمان نے کہا کہ ہند ایل او سی اور ورکنگ باونڈری کی بھی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ سیز فائر خلاف ورزیوں کی تعداد میں غیر روایتی اضافہ کسی مہم جوئی کا باعث بن سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی پاکستان کی طاقت کا غلط اندازہ نہ لگائے۔لائن آف کنٹرول ہو یا ورکنگ باونڈری سرحدی حدود کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ پاکستان کسی بھی مہم جوئی اور جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہند کو اپنے طے شدہ وقت اور مقام پر سبق سکھائیں گے۔