ناصر جنجوعہ سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات
اسلام آباد... قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سے امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ملاقات کی۔ دوطرفہ تعلقات ،علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ناصرجنجوعہ نے اس بات پر زوردیا کہ افغانستان میں عشروں سے جاری لڑائی کا جلد خاتمہ دونوں ممالک کی مشترکہ خواہش ہے۔ انہوں نے امریکی سفارتکار ایلس ویلز کو اپنے حالیہ دورہ کابل کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے افغان صدر کی طرف سے امن کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور اسے افغان تنازعہ کے خاتمہ کے لئے اہم موقع قراردیا۔ انہوں نے افغان صدر کے اس اقدام کو سرنگ کی دوسری طرف ا±مید کی کرن قراردیا۔ قومی سلامتی کے مشیر نے یقین دلایا کہ پاکستان خطہ کے تمام ممالک اور امریکہ کے ساتھ افغانستان میں امن کی شروعات کی حمایت کرے گا۔ ناصر خان جنجوعہ نے امریکی سفارتکار ایلس ویلز کو انسداد دہشت گردی کے لئے جاری پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔