پاکستان ہاکی فیڈریشن کی وزیراعظم سے مالی مددکی اپیل
اسلام آباد:پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو تباہی سے بچانے، عالمی مقابلوں میں ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مایوس کن نتائج سے نمٹنے اور قومی کھیل کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کےلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزیراعظم سے مالی امداد کی اپیل کی ہے۔ فیڈریشن کی جانب سے وزیراعظم سیکریٹریٹ کو لکھے گئے خطم میں قومی ہاکی کے معیارکو بلند کرنے اور ملک میں ہاکی کے فروغ کے لئے 10 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ موجودہ محدود گرانٹ سے انگلینڈ، ہالینڈ اورجرمنی جیسی مضبوط ہاکی ٹیموں سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔دنیا بھرمیں ہاکی کی بنیادی ٹیکنیک میں تبدیلی آچکی ہے لیکن ہم اسی پرانے فارمیٹ کے تحت ہاکی کھیلنے پرمجبور ہیں۔جس کے باعث ہماری ٹیم کسی ایونٹ میں واضح کامیابی نہیں لا سکتی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری شہباز احمد سینیئرنے کہا کہ ہاکی کی پروموشن بغیر فنڈزکے ممکن نہیں۔ 10 کروڑ روپے کی گرانٹ سے ملک بھر میں ہاکی کے فروغ کےلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔