آرسنل نے اسٹوک سٹی کیخلاف 0-3سے کامیابی سمیٹ لی
لندن:انگلش کلب آرسنل نے اپنے فرانسیسی اسٹرائیکر پائرے ایمرک کے 2گول کی بدولت اسٹوک سٹی کے خلاف0-3سے کامیابی سمیٹ لی ۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا لیکن دوسرے ہاف میں آرسنل کے کھلاڑی حریف ٹیم کی دفاعی لائن توڑنے میں کامیاب رہے ۔پائرے نے پہلا گول 75ویں منٹ میں کیا اور پھر10منٹ بعد ملنے والی پنالٹی کک پر دوسرا گول کر کے برتری دگنی کردی۔مقررہ وقت سے پہلے آرسنل کو ایک اور پنالٹی کک ملی جسے الیگزینڈر لاکازیٹی نے کامیابی سے گول میں بدل ڈالا تاہم یہ کک لگانے کا موقع پائرے کو نہیں دیا گیا جو اس کی مدد سے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کرسکتے تھے۔ پہلے ہاف کے مایوس کن کھیل کے بعد دوسرے ہاف میں میزبان ٹیم بہتر کارکردگی کے نتیجے میں کامیاب رہی ۔ اسٹوک سٹی کی ٹیم اس وقت لیگ کی20ٹیموں میں19ویں نمبر پر ہے تاہم اس نے اس میچ میں آرسنل اور اس کے کوچ کو پریشانی میں مبتلا کئے رکھا۔