ویسٹ انڈیز سیریز : تجربات کیلئے بہترین وقت ہے ، رمیز راجہ
کراچی:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان،92 ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے اوپنر اور حالیہ معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی تیار ہورہے ہیں اس لئے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں تجربات کئے جاسکتے ہیں۔ رمیز راجہ نے کہاکہ نئے لڑکوں کو قومی ٹیم میں جگہ ملنی چاہیے اور ہمارے پاس اچھا موقع ہے کہ ہم ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کریں۔ میرے خیال میں ٹیم مینجمنٹ کوویسٹ انڈیز کےخلاف انہیں موقع دینا اچھاہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں نئے تجربات کی حمایت کی اور ساتھ ہی کہا کہ ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور ایک میچ جیت جانے کے بعد اسی ٹیم کے ساتھ پوری سیریز کھیلنے کی روایتی اور فرسودہ پالیسی بھی تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بہتر ہے اور ہمیں اس صورتحال سے اپنے لئے مواقع پیدا کرنا ہوں گے ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ مجبوری کے عالم نئے کھلاڑیوں کو سامنے لانے سے بہتر ہے کہ ہم اپنی سہولت کے مطابق اس کی صلاحیتوں کا جائزہ لیں اور پھر ان سے ضرورت کے مطابق استفادہ کیا جائے۔ رمیز راجہ نے کہا محمد عامر کو اپنی فٹنس اور بولنگ پر کام کرنا ہوگا انہیں سخت مقابلے کا سامنا ہے اور ٹیم میں موجودگی برقرار رکھنے کے لئے انہیں خود کو ٹیم کی ضرورت بنانا ہوگا۔