صحافیوں پر پابندی کا آرڈیننس منسوخ
نئی دہلی - - - - وزیر اعظم نریندر مودی نے جھوٹی خبریں چلانے والے صحافیوں کے خلاف کریک ڈائون کے آرڈر کو واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔منگل کو بغیر کوئی وجہ بتائے سرکاری ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر جھوٹی خبروں کے بارے میں وزارت اطلاعات کا اعلامیہ واپس لیکر پریس کونسل آف انڈیا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ وزارت کی جانب سےجاری کردہ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ایسے صحافی جو جعلی خبریں تحریر اورنشر کرنے میں ملوث پائے جائیں گے انہیںحکومت تک رسائی سے روک دیا جائے گاان کے اجازت نامےکی منسوخی یا معطلی کا دارومدار جعلی خبر وںکی سنگینی پر ہو گا ۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ جعلی خبریں نشر ہونے کی شکایت براڈ کاسٹر ایسوسی ایشن اور اشاعت کی پریس کونسل آف انڈیاسے کی جائے گی جس کی تصدیق پر متعلقہ صحافی یا ادارے کے اجازت نامے منسوخ کرتے ہوئے سرکاری اداروں اور تقریبات تک ان کی رسائی پر پابندی عائد کردی جائیگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے لئے بھی قواعدو ضوابط ترتیب دیئے جارہے ہیں۔ میڈیا نے حکومتی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےکہا ہے کہ یہ آزادی صحافت پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ اپوزیشن پارٹی کے رہنما احمد پاٹل نے اپنی ٹویٹ میںکہا ہے کہ حکومت پہلے یہ بتائے کہ جعلی خبر کی تصدیق کا نظام کیا ہے یا اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ ایک اصل خبر کو اس لئے جعلی کہہ دیا جائے جو اسٹبلیشمنٹ کو ناگوار گزرے۔