عمران خان کو سیاسی شخص نہیں سمجھتا،بلاول
گھوٹکی... چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ ہم روٹی کپڑا اور مکان کی سیاست کرتے ہیں جب کہ ہمارے مخالفین امیروں کے قرضے معاف کرتے ہیں۔گھوٹکی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے وڈیروں، زمینداروں سے زمین چھین کرغریبوں کو دی ۔ پیپلزپارٹی آج بھی اسی پالیسی پر گامزن ہے اورغریبوں کی سیاست کرتی ہے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تاکہ خواتین کو حقوق ملیں۔ سندھ حکومت غربت مٹا اسکیم چلارہی ہے۔ مخالفین امیروں کی سیاست کرتے ہیں۔ امیروں کے قرضے معاف کراتے ہیں۔ اب یہ لوگ پی آئی اے اور اسٹیل مل اپنے دوستوں کو دے رہے ہیں۔بلاول نے کہا کہ عمران خان کو سیاسی شخص نہیں سمجھتا۔ ان کی سیاست عجیب ہے صبح ایک بات اور رات میں دوسری بات کرتے ہیں۔پہلے کرپشن کے خلاف بات کرتے ہیں پھر سندھ کے جس وزیراعلی کو کرپشن پر نکالا گیا وہی شخص عمران خان کے ساتھ گھوم رہا ہے۔