فاروق ستار بہادرآباد آکر کام کریں ، خالد مقبول
کراچی ...ایم کیو ایم پاکستان (بہادرآباد) رابطہ کمیٹی کے کنوینرڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ فاروق ستار 5 فروری والی رابطہ کمیٹی چلانے کے لئے آجائیں ہم ساتھ کھڑے ہیں تاہم 15 اور 16 اپریل کے بعد جو آئے گا وہ کارکن کی حیثیت سے آئے گا۔منگل کوکراچی میں پریس کانفرنس کے دوران خالد مقبول نے کہا کہ فاروق ستار کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں۔ ان سے رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ایم کیو ایم کو کمزور کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ اختلافات کا کسی نہ کسی طور پر حل نکالنے کی کوشش کی۔ مجھے ذاتی طورپر کامران ٹیسوری سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن فاروق بھائی ایسی خواہش کرر ہے ہیں جسے پورا کرنے کا اختیار نہیں۔ رابطہ کمیٹی نے ہمیں کنوینر اور ڈپٹی کنوینر بنایا ہے، میں رابطہ کمیٹی کو نہیں بلکہ رابطہ کمیٹی مجھے سبکدوش کرسکتی ہے۔ فاروق ستارآئیں اور بہادرآباد آکر کام کریں۔ ان کے وقارکی ذمہ داری میری ہے۔ فاروق ستار کو 5 فروری کے بعد والے حالات یاد بھی نہیں رہیں گے۔ 15، 16 اپریل تک ساتھی واپس آجائیں اور پرانی ذمےداریوں پر کام کریں۔اس کے بعد آنے والے لوگوں کی ذمہ داریوں کا تعین نئے سرے سے کیا جائے گا۔