ایشیا کرکٹ کپ:ہند سے میزبانی چھن کر امارات کو مل گئی
کوالالمپور:پاکستان کے دباوپر ایشین کرکٹ کونسل نے ہند کو ایشیا کپ کی میزبانی سے محروم کردیا اور اب یہ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات میں ممکنہ طور پر ستمبر میںکھیلا جائے گا۔عام خیال ہے کہ پا ک ہند کشیدگی کے تناظر میں تمام ٹیموں کی ٹورنامنٹ میں شرکت یقینی بنانے کےلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے بتایا کہ کا فی غوروخوض کے بعد یہی بہتر سمجھا گیا کہ اس کی میزبانی متحدہ عرب امارات کے بورڈ کو تفویض کی جائے۔ یاد رہے کہ یہ اس ٹورنامنٹ کا 14واں ایڈیشن ہوگا ۔ اس سے پہلے ہونے والے12ایڈیشنز ون ڈے فارمیٹ کے تحت کھیلے گئے جبکہ 2016ء میں ہونے والا آخری ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہوا تھا جس میں ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ٹرافی جیتی تھی۔ ابتدائی پروگرام کے مطابق یہ ٹورنامنٹ ہند میں منعقد ہونا تھا تاہم پاک ہند کشیدگی اور دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات میں تناو اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خطرے سے دوچار کر رہا تھا لیکن ایشین کرکٹ کونسل نے گزشتہ روز اپنے اجلاس میں میزبانی ہند سے لیکر متحدہ عرب امارات کو دے کر اس خطرے کا تدارک کردیا۔ اس سے پہلے گزشتہ سال کا ایشیا انڈر 19کپ بھی ہند سے ملائیشیا منتقل کرنا پڑا تھا۔ اس موقع پر اماراتی کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے پیشکش کی تھی کہ پاکستانی ٹیم کی شرکت یقینی بنانے کےلئے وہ 2018ءکا ایشیا کپ اپنے ہاں منعقد کرنے کو تیار ہیں۔ علاوہ ازیں اس سال کا ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ اب اپریل کے بجائے دسمبر میں ہوگا اور پاکستان کے ساتھ سری لنکا بھی اس کا مشترکہ میزبان ہوگا ۔ قبل ازیں یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہونا تھا لیکن اب ایشین کرکٹ کونسل نے اس کی تاریخوں کے ساتھ میزبانی پر بھی نظر ثانی کی ہے ۔ اس سال کے ایشیا کپ میں مستقل ارکان پاکستان ، ہند، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں کے علاوہ ایک اور ٹیم بھی شرکت کرے گی جس کا انتخاب امارات، ہانگ کانگ، نیپال، عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان پلے آف میچوں کے بعد ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل کا آئندہ سالانہ اجلاس بھی سال رواں کے آخر میں پاکستان میں ہوگا۔