Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاک بحریہ خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہے، تصور اقبال

پاک سعودی بحریہ کے مثالی تعلقات کی بنیاد مذہب و تربیتی فرائض کی انجام دہی ہیں، پی این ایس عالمگیر پر منعقدہ عشائیہ سے کمانڈنگ آفیسر کا خطاب 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر تصور اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن وسلامتی کو برقرار او ریقینی بنانے کےلئے کوشاں ہے۔ وہ پاکستانی بحریہ کے جہاز عالمگیر پر منعقدہ عشائیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سعودی بحریہ ، مختلف ممالک کے سفارتکار اور کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ کیپٹن تصور اقبال نے مہمانو ں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے پاک ، سعودی بحریہ کے مثالی تعلقات کے حوالے سے کہا کہ پاک نیوی اور رائل سعودی نیوی کے مثالی تعلقات کی اولین بنیاد مشترکہ مذہب ہے جبکہ دونوں فورسسز کے مابین دوسرا اہم تعلق سعودی نیوی کے تربیتی فرائض کی انجام دہی ہے جو پاک نیوی نے بہتر اندازمیں کی ۔ یہی دونوں بنیادیں ہمارے تعلقات کو مزید مستحکم بناتی ہیں ۔ سعودی شاہی بحریہ کے کئی سینیئر افسران پاکستان نیول اکیڈمی کے گریجویٹ ہیں۔کمانڈنگ آفیسر نے مزید کہا پاک نیوی سرحدوں کی محافظ ہے اور اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہے ۔ دہشتگردی اور بحری قزاقی کے خلاف پاک بحریہ نے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا اور کرتی رہے گی ۔ انہوں نے سعودی حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مملکت کے لئے ہر پاکستانی اپنے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت کا پاک بحری بیڑے کے افسران اور سپاہیوں کو عمرہ کی ادائیگی کے مراحل آسان بنانے پربھی شکریہ ادا کیا۔تقریب میں سعودی بحریہ کے کموڈور محمد سعید اور دیگر افسران نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔ بعد ازاں سعودی اور پاکستانی بحریہ اور قونصلیٹ کے افسران نے مل کر کیک کاٹا اور پاک سعودی بحری تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کموڈور محمد سعید نے کمانڈر آفیسر پاکستان بحریہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔واضح رہے پی این ایس عالمگیر سمندر میں مسلسل 50 دن رہنے کے بعد جدہ پورٹ کے چار روزہ دورے پر ہے۔

شیئر: