کام کرنیوالوں کو عدالتوں میں نہ گھسیٹا جائے،شاہد خاقان
مظفر آباد... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ ملک کیلئے کام کرنیوالوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے۔جس ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا۔ سیاست اور سیاستدانوں کی عزت نہیں ہوگی۔ وہاں ترقی بہت مشکل ہے۔30 جولائی کے بعد عوام کا جو فیصلہ آئےگا وہ قبول کریں گے۔جمعہ کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کے پہلے یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ پاک چین دوستی کا شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہنماوں کی قدر نہ کرنے کا جو سلسلہ چل پڑا ہے وہ قابل قبول نہیں ۔پاکستان کے عوام اپنے ووٹ سے اس سلسلے کو ختم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بڑی بدقسمتی ہے کہ جو لوگ کام کرتے ہیں انہیں عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے اور ہمیشہ کےلئے سیاست سے باہر کر دیا جاتا ہے۔ ملک کیلئے کام کرنیوالوں کو عدالتوں میں گھسیٹنے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ لائن آف کنٹرول کے معاملات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو بجلی کا بہت بڑا مسئلہ تھا لیکن ان چیلنجز کو ختم کرنے کا عزم کیا ۔ اب بھی 10 ہزار میگا واٹ سے زیادہ کے منصوبے لگائے جاچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں اپنے دور اقتدار میں اپنا کام مکمل کرتی تو آج پاکستان میں اتنے مسائل نہیں ہوتے ۔ سابق حکومتوں میں سے کوئی بھی 2 ہزار میگا واٹ بجلی بھی نہیں بنا سکی ۔ ہماری حکومت نے صرف باتیں نہیں کیں بلکہ کام بھی کر کے دکھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنےوالے تنقید کرینگے لیکن ہم کام کرینگے جو نظر بھی آئیگا۔