ن لیگ پر ووٹوں کی بارش ہوگی،مریم نو از
سیالکوٹ... مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جب جب مائنس کیا گیا وہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر سامنے آئے۔مخالفین نے 30 سال نواز شریف کو روکنے میں لگا دیئے لیکن روک نہیں سکے۔ نااہلی کی مد ت تاحیات نہیں صرف اس وقت تک ہے جب تک یہ فیصلے دینے والے کرسیوں پر بیٹھے ہیں۔فیصلہ اس لئے آیا کہ انہیں یقین ہوگیا کہ نواز شریف کو انتخابات میں شکست نہیں دے سکتے۔یہ 80، 90یا 2000ءکی دہائی نہیں 2018ءہے اس مرتبہ نواز شریف اکیلا نہیں۔سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نیب عدالت میں نواز شریف کیخلاف گواہی دینے کیلئے آنیوالا ان کے حق میں گواہی دے گیا ہے۔ بتایا جائے جے آئی ٹی کے پیچھے بیٹھ کر جھوٹے کیس کی تحقیقات کرنیوالے40 نامعلوم افراد کون تھے۔ سازشیوں نے غلط اندازہ لگایا کہ نواز شریف ملک چھوڑ کر چلا جائے گا یا ہاتھ جوڑدے گا لیکن وہ کھڑا ہوگیا۔ نواز شریف کی قانون کے سامنے پیش ہونے کی اسٹراٹیجی نے سازشوں کے پردے اٹھاکر عوام کے سامنے رکھ دیئے ۔عوام جان چکے احتساب کے نام پر کیا ڈرامہ ہو رہا ہے۔ عمران ،زرداری نے ہاتھ ملا لیا ۔عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں تیر پر مہر لگائی۔ نواز شریف آپ کیلئے ، ووٹ کی پرچی کیلئے، ووٹ کی حرمت کیلئے لڑ رہا۔ مہرے اور سازشی الیکشن میں اپنی ناکامیاں دیکھ کر نواز شریف کیخلاف سازش میں لگے ہوئے ہیں۔ یہ سمجھتے ہیں سینیٹ الیکشن کی طرح توڑ جوڑ کر کے 2018ءکے الیکشن میں بھی کوئی کارکردگی دکھا دینگے لیکن یاد رکھیں جب عوام کا سیلاب آ جائے تو بند نہیں باندھا جاسکتا، 2018ءکے انتخابات میں نواز شریف کو تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ لیتا دیکھ رہی ہوں۔اللہ اور عوام کی مدد سے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بارش کی طرح ووٹ پڑے گا۔