مصباح اور یونس کے بغیر ٹیسٹ بیٹسمین اسد شفیق پر عزم
لاہور: پاکستانی بیٹسمین اسد شفیق نے کہا ہے کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی غیرموجودگی میں آئرلینڈ اور انگلینڈکے خلاف ٹیسٹ سیریز آسان نہیں ہوگی تاہم امید ہے کہ ان کی کمی پوری کر لی جائے گی۔ دورے کےلئے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران انہوں نے کہاکہ ہماری ٹیم کو فاسٹ بولنگ میں برتری حاصل ہے۔ محمد عامر اور حسن علی دنیا کی کسی بھی بیٹنگ لائن کو جلد آوٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم جب تک بیٹنگ لائن ان کا ساتھ نہیں دے گی کامیابی کا حصول مشکل ہوگا۔ اسد شفیق نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمزوری کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بیٹنگ میں بہتری کی اشد ضرورت ہے اور کیمپ میں تمام شعبوں کے ساتھ ساتھ بیٹنگ پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ 58 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے بیٹسمین نے بتایا کہ سیریز میں انجری کا شکار یاسر شاہ اور گزشتہ سال ریٹائر ہوجانے والے مصباح الحق اور یونس خان کی کمی محسوس ہوگی۔مڈل آرڈر میں گزشتہ کئی سال سے مصباح الحق اور یونس خان نے پاکستانی بیٹنگ کو سہارا دے رکھا تھا اور اب ان کی عدم موجودگی میں پوری کوشش ہوگی کہ میں، کپتان سرفراز اور اظہر علی اس ذمہ داری کو نبھائیں۔ اسی طرح یاسر شاہ کا ٹیم سے باہر ہوجانا بھی بڑا دھچکا ہے کیونکہ یاسر شاہ ایسابولر ہے جو دنیا کی کسی بھی وکٹ پر کسی بھی کھلاڑی کو آوٹ کرسکتا ہے تاہم ہمارے پاس دیگر اسپنرز بھی ہیں اور امید ہے کہ وہ توقعات پر پورا اتریں گے ۔انہوں نے اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا بھی بتایا کہ اب تک میں ٹیسٹ میچ میں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرتا تھا بعض اوقات دوسری اننگز میں بیٹنگ کا موقع نہیں ملتا لیکن یونس اور مصباح کی ریٹائرمنٹ کے بعد اب ٹیم انتظامیہ مجھے چوتھے نمبر پر کھلانا چاہتی ہے ۔ٹیسٹ میچز میں میری کارکردگی کافی بہتر رہی ہے لیکن اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میںبھی نمایاں ہونا چاہتا ہوں۔