خمیس مشیط: ٹی ٹوئنٹی اور تقسیم انعامات
جمعرات 19 اپریل 2018 3:00
ہانکو الیون نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8وکٹوں سے ہرادیا، ندیم ملک ،رفیق بٹ اور ظل خان کیلئے اعزا ز
خمیس مشیط میں کھیلے گئے پہلے شیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ہانکو الیون نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8وکٹوں سے شکست دے کر جیت لیا۔روفی احمد فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ عسیر کرکٹ لیگ کے زیرانتظام اور شیل آئل کمپنی کے تعاون سے پہلے شیل T-20ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی محمد سعید ابو ملحہ تھے۔ ان کے ہمراہ محمد عبدالرحمان سدران تھے دیگر مہمانوں میں سی ای او عسیر کرکٹ لیگ محمد ریاض چوہدری ، قربان علی بھٹی، ہادی الدوخوش، جہانزیب چشتی ، ذوالفقار العمودی ، چوہدری محمد اسحاق آف ربیع ، خرم بٹ، جاوید چوہدری آف نارووال، محمد اویس اسلم ، رانا محمد یوسف، مہر خالد قصوری ، محمد ریاض ملک، افتخار رضا ، محمد شاہد ، ناصر لال دین، فراست اللہ آفریدی، اصغر علی، حاجی عاشق علی اور دیگر شامل ہیں۔ احسن وحید نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز کیا اور نظامت کے فرائض بھی ادا کئے۔ چیئرمین محمد اصغر خان نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے عسیر کرکٹ لیگ کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی محمد سعید ابو ملحہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا آپ کے تعاون سے ریجن میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ آپ کی دلچسپی قابل قدر ہے۔ جس کے لئے تمام کرکٹ کلب کھلاڑی اور عسیر کرکٹ لیگ آپ کی شکرگزار ہے۔ انہوں نے ان تمام دوستوں کا نام لیکر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے تعاون سے کرکٹ کو فروغ مل رہا ہے اور کھلاڑی اورشائقین کرکٹ کو بہترین تفریح فراہم کی جا رہی ہے۔ عسیر کرکٹ لیگ کے سی ای او ریاض چوہدری نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ میلہ آپ سب کے تعاون سے ہے۔ ایک ٹیم ورک ہے جس کے لئے میں تمام عسیر کرکٹ لیگ کے عہدیداران اور ممبران کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے شوکت علی شاد کو کرکٹ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
محمد ندیم ملک کو ٹورنامنٹ کا بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔ بہترین بولر کا اعزاز محمد رفیق بٹ اور آل راونڈر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ ظل خان کو دیا گیا۔ٹورنامنٹ میں خصوصی تعاون پر اعجاز احمد، عامر خان، زاہد قمر اور صداقت شاہ کا شکریہ ادا کیاگیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20اوورز میں 8وکٹوں پر 196رنز بنائے۔ صداقت شاہ نے 61،ظل خان نے 49، بابر نے 15اور رشید نے 13رنز بنائے۔ ہانکو کی جانب سے فراست اللہ آفریدی اور ندیم نے 2،2، طاہر خواجہ اور حسن زیب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ جواب میں ہانکو نے مطلوبہ اسکور 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ روفی احمد نے 97، عاقب نے 49، شاہ زیب نے 27رنز بنائے۔ ازرق نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔