مسلم خاتون فرانسیسی شہریت سے محروم
پیرس۔۔۔ فرانس میں الجزائرکی مسلم خاتون کو سیاسی رہنما سے ہاتھ نہ ملانے پر ملک کی شہریت دینے سے انکار کر دیا گیا۔الجزائر سے تعلق رکھنے والی مسلمان خاتون نے فرانسیسی شہریت ملنے کی تقریب کے دوران عہدیدار سے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا تھا۔فرانس کی حکومت نے خاتون کو شہریت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا جسے فرانس کی اعلیٰ انتظامی عدالت نے برقرار رکھا۔جون 2016ء میں فرانس کے جنوب مشرقی علاقے ایسرے میں ایک تقریب کے دوان کے مسلم خاتون کو ملک کی شہریت دی جا رہی تھی۔ اس موقع پر تقریب کے صدر اور ایک مقامی سیاسی رہنما نے خاتون سے ہاتھ ملانا چاہا تو اس نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ میرے مذہبی عقائد اس بات کی اجازت نہیں دیتے۔حکومت نے واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ فرانسیسی معاشرے میں ضم ہونا نہیں چاہتی۔ ایسا عمل سول کوڈ کے تحت کسی بھی فرانسیسی شہری کی شریک حیات کو ملک کی شہریت دینے سے روکتا ہے۔مسلم خاتون نے فرانسیسی شہری سے 2010ءمیں شادی کے بعد اپریل 2017 میں شہریت کےلئے درخواست دی تھی۔ خاتون نے فیصلے کواختیارات کا غلط استعمال قرار دیا ہے۔ ایسے معاملات کی حتمی سماعت کرنے والی عدالت کونسل آف اسٹیٹ کا موقف ہے کہ حکومت نے قانون کا غلط استعمال نہیں کیا۔