نیب ریفرنسز،اضافی دستاویز ریکارڈ پر لانے کی درخواست منظور
اسلام آباد...احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کی جانب سے اضافی دستاویزات عدالتی ریکارڈ پر لانے کی درخواست منظور کرلی گئی۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے اضافی دستاویزات عدالتی ریکارڈ پر لانے اور ڈی جی آپریشنز نیب کو گواہ بنانے کی استدعا کی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انٹرنیشنل کوآپریشن ونگ نیب کو فلیگ شپ اور ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق دستاویزات ملی ہیں جو لندن فلیٹس کے رجسٹری ریکارڈ، یوٹیلٹی بلز اور کونسل ٹیکس سے متعلق ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دستاویزات جے آئی ٹی کے لکھے گئے خط کے جواب میں موصول ہوئی ہیں۔ نیب نے جے آئی ٹی کی طرف سے لکھے گئے خط کی پیروی کی۔ نیب پراسیکیوٹرنے عدالت کوبتایا کہ نیب کے یوکے سینٹرل اتھارٹی کو خط کا جواب بھی موصول ہوا۔یہ دستاویزات ملزمان کی طرف سے پیش نہیں کی گئیں۔ ملزمان کی طرف سے ان دستاویزات کو چھپایا گیا مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے اعتراض اٹھایا کہ رجسٹری ریکارڈ سے متعلق پہلے ہی گواہ پر جرح ہوچکی ہے اس سے پہلے نیب نے اضافی شواہد ریکارڈ پر لانے کے لئے ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔