ایئر انڈیا کے طیارے میں بھگدڑ،3زخمی
نئی دہلی۔۔۔امرتسر سے دہلی جانیوالے ایئر انڈیا کے طیارے میں اچانک بھگدڑ مچ گئی جب ایئرکرافٹ کا ونڈو پینل کیبن میں گرگیا جس سے 3مسافرزخمی ہوگئے۔ آکسیجن ماسک بھی کھل گئے۔بوئنگ787ڈریم لائنر (ویٹانی) میں10،15منٹ کا یہ لمحہ مسافروں کیلئے کسی آفت سے کم نہ تھا۔ایئرلائنز ذمہ داران اور ایوی ایشن ایجنسیاں بھی حیران ہوکر رہ گئیں۔ذرائع کے مطابق اے آئی 462میں اچانک جھٹکا لگنے سے اوپر لگے پینل سے3مسافروں کے سر ٹکرا گئے جس وہ زخمی ہوگئے۔ طیارے میں کچھ آکسیجن ماسک بھی گر گئے۔ وہیں سیٹ نمبر 12-Uکے اوپر لگے پینل کور پر بھی شگاف نظر آئے ۔ایئر انڈیا کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ یہ حادثہ اپنی نوعیت کا عجیب ہے۔ ایئر انڈیا اور ڈی جی سی اے کو تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔طیارہ کے دہلی اترتے ہی تینوں زخمی مسافروں کو اسپتال پہنچایا گیا۔اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ایک مسافر کے سر میں ٹانکے لگائے گئے جبکہ دیگر 2زخمیوں کی حالت بہتر ہے۔