ممبئی انڈینز کو ایک اور شکست ، راجستھان کی فتح
جے پور: ویسٹ انڈین بولر جوفرا آرچر کی شاندار بولنگ کے بعد سنجو سیمسن ، بین اسٹوکس اور کرشنپ گوتھم کی بیٹنگ کی بدولت راجستھان رائلز نے ممبئی انڈینز کو 3وکٹوں سے شکست دے دی، اپنی بولنگ سے دفاعی چیمپیئن ممبئی انڈینز کو صرف167رنز تک محدود کرنے والے جوفرا آرچر نے میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کرلیا۔حریف ٹیم کے ہوم گراﺅنڈ پر ہونے والے میچ میں ممبئی انڈینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن وہ کوئی بڑا ہدف تشکیل دینے میں ناکام رہے۔اوپنر سوریا کمار اور تیسرے نمبر پر آنے والے وکٹ کیپر ایشان کشن نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم کوئی اور بیٹسمین اسکور میں نمایاں حصہ نہ ڈال سکا ۔ اننگز کے اختتامی اوورز میں جوفرا آرچر تباہ کن بولنگ نے ممبئی کا کام مزید دشوار کردیا اور7 وکٹوں پرصرف167رنز ہی بن پائے ۔سوریا کمار 76اور ایشن کشن نے58رنز کی اننگز کھیلیں کیرون پولارڈ21رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔جوفرا آرچر نے22رنز دے کر3جبکہ دھوول کلکرنی نے 2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ راجستھان رائلز نے ہدف 19.4اوورز میں حاصل کرلیا اور اس کے بھی7ہی کھلاڑی آوٹ ہوئے۔سنجو سیمسن نے52،بین اسٹوکس نے40اورکرشنپا گوتھم نےناقابل شکست 33رنز بنا کر ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔جسپریت بمرا اور ہردک پانڈیا نے2-2وکٹیں لیں۔