فرسٹ کلاس میچ ٹیسٹ جیسا ہے ، مکی آرتھر
کینٹربری :پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس میچ کو بھی ٹیسٹ میچ سمجھ کر کھیل رہے ہیں کیونکہ طویل فارمیٹ کی پریکٹس کیلئے 4 روزہ میچ بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کینٹ کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور ٹیم پر واضح کردیا ہے کہ اسے اسی جذبے کیساتھ کھیلنا ہوگا جو انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے درکار ہوتا ہے۔کوچ نے کہا کہ اس دورے کی مدد سے ٹیم کو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی عروج کی طرف لے جانے کیلئے پر عزم ہیں اور یہ دورہ اس حوالے سے ہمارے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ایک سوال پر ہیڈ کوچ نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ پہلے ٹیسٹ سے قبل ہونے والے دونوں فرسٹ کلاس میچوں میں نوجوان کرکٹرز کوآزما یا جائے تاکہ ٹیسٹ ٹیم کے لئے اچھا کمبینیشن تیار کیا جا سکے۔دوسری جانب کینٹ کے کپتان جوئے ڈینلی کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف میچ نہ صرف میرے بلکہ پوری کینٹ ٹیم کیلئے بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے، انٹرنیشنل معیار کی بولنگ لائن کے سامنے بہتر کارکردگی ہم سب کے کیریئر کیلئے اچھی بنیاد ثابت ہوگی،مضبوط ٹیم کیخلاف ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔جوئے ڈینلی نے کہا کہ پاکستانی بولنگ اٹیک کے سامنے بیٹسمینوں کو ہر گیند میرٹ پر کھیلنا ہوگی، بابر اعظم اور محمد عامر کے ساتھ پی ایس ایل میں کھیلنے کا تجربہ خوشگوار تھا،اب ان کے مقابل کارکردگی دکھانے کا موقع ملے گا۔یاد رہے کہ کینٹ ٹیم نے پاکستان کیخلاف واحد کامیابی1983 کی سیریز کے دوران حاصل کی تھی۔