ویمبلے اسٹیڈیم کی فروخت ہضم کیسے ہو
لندن :پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی اور انگلینڈ کے ساتھ امریکہ میں بھی فٹبال ٹیموں کے مالک شاہد خان اور برطانوی فٹبال ایسوسی ایشن کے درمیان انگلینڈ کے سب سے بڑے اور تاریخی اسٹیڈیم ویمبلے کی خریداری کیلئے معاملات تقریباً طے پا گئے ہیں لیکن دوسری جانب برطانوی فٹبال ایسوسی ایشن کے سابق عہدیدار اس سودے کے خلاف میدان میں آگئے ہیں۔ شاہد خان نے اسٹیڈیم خریدنے کے لیے 900ملین پاونڈ کی پیشکش کرتے ہوئے انگلش شائقین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انگلینڈ کے میچز ویمبلے اسٹیڈیم میں ہی ہوں گے اور وہ اسٹیڈیم کا نام بھی برقرار رکھیں گے۔ادھر فٹبال ایسوسی ایشن کونسل کے اہم رکن اور پریمیئر لیگ کے سابق چیئر مین ڈیو رچرڈز نے اس سودے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے ایسو سی ایشن کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسو سی ایشن کے موجودہ چیف ایگزیکٹو مارٹن گلین اور چیئر مین گریگ کلارک کو فٹبال کی الف بے کا بھی پتہ نہیں اور یہ اقدام کرکے آگ سے کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کونسل کا اہم اجلاس آج ہوگا۔ دوسری جانب عام تاثر یہ ہے کہ ا یک پاکستانی کی جانب سے چاہے وہ امریکی شہری ہی کیوں نہ ہو یہ تاریخی اسٹیڈیم خریدا جانا انگلینڈ کے فٹبال حلقوں کو ہضم نہیں ہورہا ورنہ دنیا بھر میں اس قسم کے سودے عام ہیں ۔