سی پیک سے خوشحالی آئے گی،ملیحہ لودھی
نیو یارک ..اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاک،چین اقتصادی راہداری سے علاقائی روابط کے ذریعے تمام ملکوں میں خوشحالی آئے گی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چین کے ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کو 21 ویںصدی کے کاروبار کیلئے انتہائی اہم تناظر میں دیکھتے ہیں۔ سی پیک 46 ارب ڈالر مالیت کامنصوبہ ہے جس میں 3 ہزار کلومیٹر طویل شا ہراہیں ، ریلوے اوربنیادی ڈھانچے کے پروگرام شامل ہیں۔ یہ منصوبہ چین کے صوبے زن زیانگ کو پاکستان کی گوادر بندرگاہ سے منسلک کرے گا۔ سی پیک سے نہ صرف چین بلکہ جنوبی اور وسطی ایشیا میں بھی اربوں لوگوں کی زندگیاں بہتربنانے میں مدد ملے گی ۔ ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کا مقصد تمام لوگوں کی فلاح وبہبود ہے۔ا س وقت 100 ملک اس منصوبے میں شامل ہیں۔