Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے ملکی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرے گی، مولانا حیدری

قیام پاکستان کو متنازعہ بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہو نے دینگے ، پی ٹی آئی سے کسی صورت انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ کا امکان نہیں، ڈپٹی سیکریٹری ایم ایم اے کا تقریب سے خطاب
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جمعیت علماءاسلام کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی سیکریٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کو ملکی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل ہو گی۔ پاکستان کو قدرت نے تمام نعمتیں عطا کیں مگر بدعنوان حکمرانوں نے ملکی معیشت کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ۔ حکومت میں رہتے ہوئے بھی ہمارا دامن بدعنوانی سے پاک ہے۔ آئین کی شق 62،63 کو مکمل صورت میں نافذ کیاجانا چاہئے ۔ عوام حقیقی تبدیلی کی جانب دیکھ رہے ہیں جو قیام پاکستان کا اصل محرک تھا اور یہ تبدیلی اسلامی نظام کے قیام سے ہی ممکن ہے جس کےلئے علماءکی قیادت میں متحدہ مجلس عمل قائم کی گئی ۔وہ جے یو آئی جدہ ریجن کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت جمعیت سعودی عرب کے مرکزی صدر مولانا حمد اللہ عثمانی نے کی ۔ تقریب میں دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں سے تعلق رکھنے والو ں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مولانا حیدر ی نے مزید کہا پاکستان میں نام نہاد دانشور طبقہ اہل مغرب کی مثالیں دیتے ہوئے وہاں کے معاشی نظام کو سراہتا تو ہے مگر وہ عوام کو اس حقیقت سے آگاہ نہیں کرتاکہ مغرب نے جو کامیابی حاصل کی ہے اسکی بنیاد اسلامی نظام معیشت ہے مگر بدقسمتی سے ہمیں اس آفاقی نظام سے دور رکھا گیا ۔ سابق ڈپٹی چیئر مین سینیٹ نے مزید کہا پاکستان کو 70 برس ہو چکے ہیں مگر اب تک ہم اس نظام سے کوسوں دور ہیں حالانکہ تقسیم برصغیر کی بنیاد نظریہ اسلام تھی جس پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو مکمل طورپر اسلامی فلاحی ریاست بنانا تھا ۔ آج کچھ عناصر قائد اعظم کو بھی سیکیولر قرار دیتے ہوئے نظریہ پاکستان پر بھی ضرب لگانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ ان عناصر کو روکنے اور پاکستان کو قیام کے حقیقی مقاصد کی جانب لے جانے کےلئے ایم ایم اے کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو وقت کی اشدضرورت ہے ۔ایک سوال پر مولانا حیدری کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے کا دیگر جماعتوں سے انتخابی اتحاد ممکن ہے مگر تحریک انصاف سے کسی طور اتحاد یا سیٹ ایڈجسمنٹ کا قطعی امکان نہیں ۔مذہبی جماعتوں کا دامن ہر قسم کی بدعنوانی سے پاک ہے ۔ پاکستان کی ترقی اور استحکام کےلئے صاف ستھری و دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے جو ایم ایم اے کی شکل میں سامنے آرہی ہے ۔ ہماری نہ تو کوئی آف شور کمپنیاں ہیں اور نہ ہی بیرون ملک بینک اکاﺅنٹس اگرچہ ہمارے ارکان بھی اسمبلیوں میں موجود تھے اور ہیں ۔ قبل ازیں مولانا حمد اللہ عثمانی نے اپنے صدارتی خطبے میں مہمان خصوصی اور حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا استعماری قوتیں ملت میں اختلافات کو ہوا دیکر ہمیں مسائل میں الجھادینا چاہتی ہیں مگر اب اس اتحاد کو کوئی طاغوتی قوت بکھیر نہ سکے گی ۔ جے یو آئی کے سرپرست اعلی انجیئنر عبدالمنان نے کہا کہ ہمیں دشمنوں سے محتاط رہتے ہوئے عملی اتحاد کو فروغ دینا ہے ۔ تقریب سے جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر آصف نے کہا 13 مئی سے کا ﺅنٹ ڈاﺅن شروع ہوگا ۔ تقریب سے پیپلز پارٹی کے ریاض بخاری ، جے یو آئی کے مولانا عبدالکریم ، ذاکر جذبی ، جمعیت اہلحدیث کے مختار عثمانی اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے ایم ایم اے کے قیام کو وقت کی اشد ضرورت قرار دیا۔ 

شیئر: