امام الحق کی پرفارمنس سے خوش ہوں،انضمام الحق
لاہور: چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انگلینڈ میں ٹور میچ میں اپنے بھتیجے امام الحق کی اچھی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ انگلینڈ کا ٹور کافی مشکل ہے۔ تمام ایشین ٹیموں کو ایسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اسی لئے ٹیم کو کنڈیشنز سے آگاہی کے لئے جلدی بھیجا گیا۔ کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم میں زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے کیونکہ پاکستان ٹیم انگلینڈ کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔انضمام الحق نے کہاکہ ٹور میچ کی پہلی اننگز میں امام الحق کی پرفارمنس سے خوشی ہوئی تاہم ٹیم کے تمام کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائیں تو زیادہ خوشی ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ سابق بولر محمد آصف کی باتوں کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتا۔ لاہور کے اقبال پارک( منٹو پارک) کا گراونڈ ختم ہونا لاہور میں کرکٹ کیلئے بہت بڑا نقصان ہے ، اس گراونڈ سے بڑے نامی گرامی قومی کرکٹرز کی یادیں وابستہ ہیں اور اسی گراونڈ پر کھیل کر انہوں نے قومی ٹیم میں اپنا اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔