الحمراءکے شاپنگ سنٹر میں آتشزدگی کی تحقیقات مکمل نہیں ہوئی
فائر فائٹرز کو آگ پر قابوپانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا،اخبارات کو تمام حقائق سے آگاہ کیا جائے گا، کرنل سعید سرحان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریجنل شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے کہا ہے کہ الحمراءکے شاپنگ سینٹر میں لگنے والی آگ کی تحقیقات مکمل نہیں ہوئیں ۔ کرنل سرحان نے بعض نیوز ویب سائٹ پر جاری ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری دفاع کی جانب سے آتشزدگی کی وجوہ کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ انہو ںنے ویب سائٹس کی خبر وں کی بھی تردید کی ہے جس میں کہا جارہا تھا کہ آتشزدگی کا سبب مجرمانہ فعل ہے ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی تحقیقات جاری ہیں اس سے قبل بھی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مختلف واقعات کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ اخبارات کو جاری کی جاچکی ہیں ۔ الحمراءکے شاپنگ کی آتشزدگی کے بارے میں متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں مکمل ہونے کے بعد اس کے بارے میں اخبارات کو باقاعدہ طور پر اطلاع دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو الحمرا کے شاپنگ سینٹر میں ہولناک آگ لگی تھی جس سے پوری مارکیٹ تباہ ہو گئی ۔ آگ اس قدر خطرناک تھی کہ اس سے اٹھنے والے شعلے اور دھواں کافی دور سے دکھائی دے رہا تھا ۔ فائر فائٹرز کو آگ پر قابوپانے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ شہری دفاع کے علاوہ ہلال الاحمر اور ہنگامی امدادی یونٹس کے اہلکاروں نے بھی آگ بجھانے اور امدادی کارروائی میں حصہ لیا تھا ۔ آتشزدگی میں 4 افراد جھلس گئے تھے۔