نیب کا سورچ پورے ملک میں چمک رہا ہے،جسٹس جاوید اقبال
اسلام آباد...چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب کا سورج صرف پنجاب میں نہیں بلکہ پورے پاکستان میں چمک رہا ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میںچیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کسی کے ساتھ امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا۔بدعنوانی کے خلاف قانون کے مطابق بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔نیب کی پالیسی فیس نہیں بلکہ کیس کو دیکھنے کی ہے۔نیب کا ایجنڈا پاکستان سے بدعنوانی کا خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کو بر آمد کرکے قومی خزانے میں جمع کرانا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈی جیز شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں۔نیب کے مقدمات کی پیروی ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق موثر انداز سے کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔نیب اعلامیہ میں کہا گیا کہ قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ 217 بدعنوانی کے ریفرنس احتساب عدالتوںمیں دائر ہوئے ۔ 39 افراد کو قانون کے مطابق سزا سنائی گئی ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا تھا کہ نیب کا سورج پنجاب کی دھرتی پر پورے زور و شور سے چمک رہا ہے۔ ریاست کے تمام طاقتور اداروں کی عقابی نظریں صرف پنجاب پر مرکوز ہیں۔