ہمارا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے ،نواز شریف
صادق آباد... مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہاہے کہ ہمارا مقابلہ زرداری یا عمران سے نہیں بلکہ ایک خلائی مخلوق سے ہے جو کبھی نظر نہیں آتی۔صادق آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ آج صادق آباد جاگ رہا ہے۔ بہت خوش نصیب ہوں کیوں کہ عوام کی محبت آسانی سے نہیں ملتی۔ جنہوں نے میرے خلاف فیصلہ دیا وہ عوام کا فیصلہ بھی دیکھ لیں۔ ادھر آکر دیکھو عوام نوازشریف سے کتنی محبت کرتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ لینے پر مجھے نکال دیا۔ میری سمجھ میں تو نہیں آیا ،آپ کی سمجھ میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ دوبارہ حکومت آئی توتمام غریبوں کوہیلتھ کارڈ جاری کریں گے ۔ہر شخص کو گھر دینا ہمارے منشور میں شامل ہوگا۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ تحریک انصاف شے ہی کوئی نہیں۔ پی ٹی آئی والے عوام کے ساتھ مذاق کررہے ہیں ۔ ا نہیں کرکٹ کھیلنے کے سوا کوئی کام نہیں۔ ہمارا مقا بلہ عمران خان سے ہے اور نہ آصف زرداری سے بلکہ ایک خلائی مخلوق سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عوام کی خدمت کی۔اندھیرے دور کئے۔ دہشت گردی ختم کی۔ موٹر ویز بنا ئیں۔کیا کبھی پیپلزپارٹی نے کوئی عوامی فلاح بہبودکا منصوبہ بنایا ۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ 2018 کے انتخابات کو ریفرنڈم اور انقلاب سمجھتے ہیں۔عوام سے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں گے۔دریں اثناءسابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ اس مرتبہ سیاسی لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی۔پارٹی چھوڑ کرجانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 مرتبہ سوچیں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ جہانگیرترین پر کرپشن ثابت ہونے کے باوجود مقدمہ نیب کو نہیں بھیجا گیا۔کرپشن ثابت نہ ہونا نواز شریف کا قصور بن گیا ۔ جس سے نا انصافی ہوئی اس سے سوال پوچھے جارہے ہیں۔عوام پر واضح ہوچکا کہ دھرنوں، سازشوں اور احتساب کی آڑ میں انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں مہروں کو عبرت کا نشان بنا دینا۔ ساری سازشوں کا جواب ووٹ کی پرچی سے دینا ہے۔