سیاہ فام ریچھ نے کیمرے کی ’’بو ‘‘ سونگھ لی
لندن .... یہاں ایک انتہائی مضحکہ خیز وڈیو سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں ایک سیاہ فام ریچھ جو ایشیائی نژاد معلوم ہوتا ہے حیرت انگیز قوت شامہ کا مالک نظر آتا ہے۔ اپنی اسی سونگھنے کی قوت کی وجہ سے ایک خفیہ کیمرے کا سراغ لگانے کی کوشش کرتا ہے جسے وائلڈ لائف رینجرز نے بڑی تیزی سے ناپید ہوجانے والے آمور نسل کے چیتوں کے بارے میں دستاویزی فلم تیار کرنے کی غرض سے چھپا کر رکھا تھا۔ وڈیو میں صاف نظرآتا ہے کہ بڑی احتیاط سے چھپایا جانے والا کیمرہ ریچھ کی نظروں سے اوجھل تو تھا مگر سونگھنے کی بے پناہ طاقت نے ریچھ کو اس قابل بنادیا تھا کہ وہ کم از کم اس جگہ کا تعین کرسکے جہاں وہ کیمرہ لگا ہواتھا۔ کچھ دیر ادھر ادھر دیکھنے کے بعد اس نے ناک کو آزمانے کی کوشش کی اور پھر ناک میں آنے والی بو نے اس کی جس جانب رہنمائی کی وہ اس جانب چل پڑا۔ آخر کار ایک درخت کے گرے ہوئے تنے پر سے ہوتا ہوا وہ کیمرے کے قریب پہنچنے میں کامیاب بھی ہوگیا تاہم اس نے کیمرے کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا او ربو سونگھنے کے بعد وہ دوبارہ اس تنے پر چڑھتا ہوا واپس چلا گیا اس طرح اس نے کئی بار حرکت کی ۔ واضح ہو کہ آمور نسل کے چیتے دنیا میں صرف 60رہ گئے ہیں۔ اسی لئے ان کی افزائش نسل کیلئے عالمی ادارہ حیوانات خصوصی توجہ دے رہا ہے۔