جناح کے بعد علی گڑھ میں ایک اور تصویر پر تنازع
علی گڑھ۔۔۔۔۔علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بانی پاکستانی محمد علی جناح کی تصویر پرہنگامہ ابھی تھما بھی نہیں کہ ایک اور تصویر پر تنازع کھڑا ہوگیا۔علی گڑھ کے خیر قصبے میں موجودہ پی ڈبلیو ڈی کے گیسٹ ہاؤس سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خان کی تصویر ہٹا دی گئی جبکہ یہاں پر مہاتما گاندھی، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر ، لال بہادر شاستری وغیرہ کی تصاویر آویزاں ہیں۔ سرسید احمد خان کی تصویر اچانک ہٹائے جانے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک مقامی لیڈر کے کہنے پر تصویر ہٹائی گئی کیونکہ اس نے وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی کی تصویر نہ لگانے پر ناراضی ظاہر کی تھی۔دریں اثنا علی گڑھ میں صحافیوں اور میڈیا کے اہلکاروں سے ہاتھا پائی کے بھی واقعات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے ایک گروپ نے میڈیا کے فوٹوگرافر کو زدوکوب کیا۔ صحافیوں سے بدتمیزی کی۔ یونیورسٹی میں اب بھی مظاہرہ جاری ہے ۔ان کا مطالبہ ہے کہ محمد علی جناح کی تصویر یونین ہال میں لگائی جائے کیونکہ وہ طلبہ یونین کے دائمی رکن تھے۔