ا نضمام اور آرتھر کا تنازع حل ہوگیا
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم طویل عرصہ بعد روایتی کرکٹ کیلئے میدان میں اتر رہی ہے ۔ اس موقع پر چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ڈبلن میں موجود ہیں۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ اس دورے کیلئے ٹیم کے انتخاب کے موقع پر ہونے والی جھڑپ اور نوک جھونک کے حوالے سے ایک اور انکشاف ہوا ہے کہ مشتعل انضمام الحق نے بورڈ کو ٹیم کا اعلان نہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ پاکستان کے کسی غیر ملکی ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کے درمیان تقریباً 11 سال بعد اس قسم کی لڑائی دیکھنے میں آئی۔ 2007ء میں اس وقت کے ہیڈ کوچ جیف لاسن اور چیف سلیکٹر صلاح الدین صلو میں شدید جھڑپ ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ساتھ تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد سلیکشن کمیٹی کے اجلاس سے واک آوٹ کر گئے تھے تاہم کچھ دیر بعد انہیں غلطی کا احساس ہوا اور واپس آگئے جبکہ بورڈ حکام نے انضمام کو بھی راضی کرلیا ۔ اطلاعات کے مطابق مکی آرتھر بیوی سے علیحدگی کی خبر سن کر آپے سے باہر ہوگئے تھے۔ ان کی اہلیہ نے شادی کے 27 سال بعد ان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔