دہشت گردی کیخلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی،شہباز شریف
اسلام آباد...وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے تاہم قوم ، سیاستدانوں اور مسلح افواج نے مل کر ہر خطرے کا مقابلہ کیا ۔ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف ہمارا غیر متزلزل عزم مثالی ہے۔ پاک، چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں معیشت کو بہت فائدہ ہوگا۔خطے میں پڑوسی ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے ۔ہفتہ کو غیر ملکی سفارتکاروں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے وسائل سے لڑی ۔دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جس نے اپنے ملک کی 2 لاکھ فوج دہشت گردی کے خلاف استعمال کی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان دہشت گردی سے باہر نکل کر عالمی طور معاشی طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔ سی پیک خطے میں باہمی معاشی تعاون کی بہترین مثال ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں آئین کے تحت تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں ۔ ماضی کی طرف دیکھنے کی بجائے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام افغانستان میں امن سے براہ راست منسلک ہے۔ ہمسایہ ممالک کیساتھ معاشی علاقائی تعاون کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اچھے مستقبل کے خواب کو پورا کرنے کیلئے اسلحے کی دوڑ کو گڈبائی کہنا ہوگا۔ جنوبی ایشیا کی کثیر آبادی اسلحے کی دوڑ سے عدم استحکام اور معاشی مسائل کا شکار ہے۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح پاک، ہند تعلقات کو امریکہ اور کینیڈا کے تعلقات کی مانند سہل اور رواں دیکھنا چاہتے تھے۔ انہو ں نے کہا کہ2نیوکلیئر پڑوسی ممالک کا امن و شانتی سے رہنامسئلہ کشمیر کے حل کیساتھ مشروط ہے ۔