وادی نیلم ، ڈوبنے والے11سیاحوں کی نعشیں نکال لی گئیں
مظفر آباد... وادی نیلم میں کنڈل شاہی پل ٹوٹنے سے نالہ جاگراں میں ڈوبنے والے سیاحوں کی تلاش کے لئے امدادی کاررائیاں جاری ہیں۔11 کی نعشیں نکال لی گئیں جبکہ 8 کو بچا لیا گیا دیگر کی تلاش جار ی ہے۔ نالے کا بہاو انتہائی تیز ہونے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔نالہ جاگراں بلندی سے نیچے اترنے والا انتہائی تیز رفتار نالہ ہے جس میں پانی بہت تیز رفتاری سے بہتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ شاہد محمود کے مطابق پل پر 40 سے زائد سیاح موجود تھے۔خستہ حال پل گنجائش سے زیادہ افراد کا وزن برداشت نہ کرسکا اور ٹوٹ گیا ۔ سیاح پل کے اوپر کھڑے ہو کر تصاویر بنا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا ۔ متاثرین میں لاہور اور فیصل آباد کے کئی طلبہ شامل ہیں۔ایک اطلاع کے مطابق حادثے کے وقت پل پر 20 سے 25 افراد موجود تھے ۔ دریں اثناءوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وادی نیلم میں حادثہ پر دکھ کا اظہار کیاہے۔ ایک بیان میں وزیراعظم نے ریسکیو کارروائیوں کے لئے تمام ممکنہ معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔