مغربی بنگال:پنچایت انتخابات پرتشددہنگاموں کی نذر ،13 افراد ہلاک
نئی دہلی۔۔۔۔طویل قانونی جدوجہد کے بعد آج پنچایت انتخابات شروع ہوئے جو پُرتشدد ہنگاموں کی نذر ہوگئے۔مرکزی وزارت داخلہ نے مغربی بنگال حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کی ہے ۔ 73فیصدووٹ ڈالے گئے،اتنی زبردست ووٹنگ کے باوجودپنچایتی انتخابات تشدد کی بھینٹ چڑھ گئے۔ ریاست کے 7اضلاع میں پرتشدد ہنگاموں میں 13افراد ہلاک جبکہ علی پور میں 5صحافی زخمی ہوگئے۔شمالی 24پرگنہ ، جنوبی 24پرگنہ ، مدنا پور، ندیا، مرشدآباد اور دیناج پور میں بھی تشدد کے واقعات ہوئے۔
ہنگامہ برپا کرنیوالوں نے زیادہ تر انتخابی مراکز کو ہدف بنایا ، ترنمول کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں کے مابین خونریز جھڑپیں ہوئیں،متعد د پولنگ بوتھس کے قریب دستی بم پھینکے گئے جس سے درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی کی کثیرتعداد علاقے میں تعینات کردی گئی۔ پولیس نے ہنگامہ برپاکرنیوالوں کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔ووٹوں کی گنتی 17مئی کو ہوگی ۔2019ء کے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر پنچایت انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔