عسیر کرکٹ لیگ :پہلا ایس سی سیT10فیصل آباد کنگز نے جیت لیا
فائنل میں ایس ایم ایس اے اسپورٹس کو شکست، ضیغم عباس مین آف دی میچ اور سیریز قرار پائے،عربین کواپریٹو کمپنی کے سی ای او انجینئر ہری داس نے انعامات تقسیم کئے
عسیر کرکٹ لیگ کے تحت سعودی کرکٹ کے تعاون سے کھیلا جانے والا پہلا T10کرکٹ ٹورنامنٹ فیصل آباد کنگز نے ایس ایم ایس اے اسپورٹس کلب کو36رنز سے ہراکر جیت لیا۔ایس سی سی میڈیاکوارڈینیٹر سید مسرت خلیل کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کنگز نے5وکٹوں کے نقصان پر 148رنز بنائے۔ضیغم عباس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچری مکمل کی ۔ انھوں نے31گیندوں پر 84رنزبنائے۔ ذکا ء بٹ 11گیندوں پر 25رنز بناکر نمایا ں رہے۔ عابد اور وقاص نے ایک ایک وکٹ 9اور17رنز دیکر حاصل کی۔ جواب میں ایس ایم ایس اے اسپورٹس کلب مقررہ 10اوورز میں 5وکٹوں پر112رنز بناسکی۔نزاکت نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی مگر اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے ۔انھوں نے 27گیندوں پر 61رنز بنائے ۔ ناصر ملک 21گیندوں پر 32رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ باسط بٹ 26رنزدیکر 2اورذکاء بٹ نے 14رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کیا۔ضیغم عباس کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی پر مین آف دی سیریز اور مین آف دی میچ قراردیاگیا۔میچ کے اختتام پرتقریب تقسیم انعامات منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ٹورنامنٹ کے اسپانسر عربین کواپریٹیوکمپنی (اے سی سی )کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر انجینیئر ہری داس تھے۔ انھوں نے ونرکو ٹرافی،1500ریال نقد اور رنراپ کو ٹرافی اور 1000ریال نقد انعام پیش کیا ۔اس کے علاوہ مین آف دی سیریز اور مین آف دی میچ کو بھی 200،200ریال نقد انعام دیاگیا۔اس موقع پر انجم سیلز اینڈ مارکیٹنگ منیجر، اصغر علی خان چیئرمین عسیر کرکٹ لیگ اور سینئر وائس چیئرمین فراست آفریدی بھی موجود تھے۔ اعزازی مہمانوں میں راو اویس، ملک مظفر، ملک جاوید اقبال، خرم بٹ، فاروق بٹ، عاصم اور رانا یوسف شامل تھے۔ اے سی ایل کے ممبران میں چوہدری ریاض، ارشدبٹ، عبدا لصبور بٹ، طیب، ملک مناظراور ارشد وحیدبھی موجود تھے۔ طارق جٹ ، نصیر نے امپائرنگ ،عبدالصبور بٹ نے اسکورر اور ارشد بٹ نے میچ ریفری کے فرائض انجام دیئے۔