Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان فٹبال رینکنگ 205سے بہتر پوزیشن پر لائینگے

کراچی:پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 3 سال سے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے محروم رہنے والی پاکستانی ٹیم کی دوبارہ تیاری کیلئے برازیل سے تعلق رکھنے والے کوچ جوز انتونیو نوگیرا کی خدمات حاصل کی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھی اور اب وہ ان میں سے منتخب کردہ کھلاڑیوں کو قومی کیمپ میں لانے والے ہیں۔ ان کے لئے پہلا ہدف اس سال ساف چیمپیئن اور ایشین گیمز کیلئے ٹیم تیار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں چیلنج قبول کرنے والا شخص ہوں۔ مجھے پتہ ہے کہ پاکستان میں یہ کھیل 3 سال سے رکا ہوا تھااور میری اولین ترجیح ملک میں فٹبال کو دوبارہ منظم کرنا ہے تاکہ ضائع ہونے والے وقت کا ازالہ ہو سکے۔ فیفا عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن اس وقت 205 نمبر پر ہے اور جوز انتونیو نوگیرا نے کسی لگی لپٹی کے بغیر کہا کہ پاکستانی فٹبالرز پر بہت کام کرنا ہے۔میری کوشش ہو گی کہ اگلے سال تک نہ صرف عالمی رینکنگ میں بہتری آئے بلکہ پاکستانی ٹیم خطے میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہو سکے۔ پاکستانی فٹبالرز کا سب سے بڑا مسئلہ فزیکل فٹنس ہے اس کے علاوہ تکنیک بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ آج کل کی فٹبال بہت تیز ہو چکی ہے ہمیں اس جانب توجہ دینی ہو گی۔ جوز انتونیو نوگیرا کہتے ہیں کہ سیاست اور فٹبال ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔پاکستان میں فٹبال کے معاملات عدالتوں میں رہے ہیں۔ جب یہ معاملات حل ہو گئے اس کے بعد ہی میں نے یہ ذمہ داری قبول کی اور یہاں آیا ہوں۔ اب ہمیں فٹبال کی بہتری کیلئے سوچنا چاہیے۔

شیئر: