Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشن کنگا ڈیم ، عالمی بینک سے رجوع کرینگے ،پاکستان

 
واشنگٹن ... کشمیر میں متنازع کشن گنگا ڈیم منصوبے کے خلاف پاکستان نے عالمی بینک سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کے صدر سے سندھ طاس معاہدے،کشن گنگا سمیت دیگر ہندوستانی منصوبوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔ اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی کی قیادت میں 4 رکنی وفد پیر کو واشنگٹن میںعالمی بینک کے حکام سے ملاقات کرکے تشویش سے آگاہ کرے گا۔پاکستان کی جانب سے متنازعہ ڈیم پر نئی دہلی کو کئی تجاویز دی گئیں لیکن پڑوسی ملک نے یکطرفہ طور پر منصوبوں پر کام جاری رکھا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ عالمی بنک اس بین الاقوامی معاہدے کا ضامن ہے،اسے اس معاملے میں مداخلت کرنی اور اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چا ہیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈیم پاکستان کی طرف آنے والے پانی پر بنایا گیا ہے جس سے زراعت کی غرض سے ملکی ضروریات کے لئے درکار پانی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوگی۔ہند متنازعہ علاقے میں ایسے کئی منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔پاکستان کے شدید احتجاج اور اعتراضات کے باوجود ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز متنازعہ کشن گنگا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا افتتاح کیا تھا۔ کشن گنگا ہائیڈرو پاور اسٹیشن پر کام کا آغاز 2009 میں ہوا تھا۔ اس منصوبے سے 330 میگا واٹ بجلی حاصل کی جاسکے گی۔
مزید پڑھیں:کشن کنگا ڈیم منصوبے کے افتتاح پر پاکستان کو تحفظات

شیئر: