رمضان فٹبال ٹورنامنٹ:پاکستان نے تیونس کو 6-1 سے ہرا دیا
جدہ : سعودی عرب میں قومی اسپورٹس کمیٹی کے زیر انتظام آل الشیخ بین الاقوامی رمضان فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ افتتاحی میں میں پاکستانی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے تیونس کو 6 گول سے ہرا کر میچ جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کے میچز جدہ کے شاہ عبداللہ اسپورٹس سٹی کے گراونڈ میں ہورہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ پاکستان اور تیونس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستانی ٹیم نے تیونس کو 1-6گول سے شکست دیدی۔تیونس کی ٹیم میچ میں صرف ایک ہی گول کرسکی۔ پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی عثمان عبدالستار، ماجد جمعہ، ہارون علی اور منصور نعمت اللہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول کئے جبکہ تیونس کے کھلاڑی سلیم سلیمانی اپنی ٹیم کےلئے واحد گول کر سکے۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ الشرقیہ ٹیم اور یمن کے مابین ہوا جس میں یمن نے 6 گول سے شرقیہ کی ٹیم پر برتری حاصل کرلی۔ یمن کی ٹیم کے حسن العطاس نے سپر ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو مثالی فتح سے ہمکنار کیا ۔ شرقیہ کی ٹیم کوئی گول نہ کر سکی۔ ٹورنامنٹ کا اگلا میچ شمالی اور مکہ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائےگا جبکہ دوسرے پول میں مراکش اور مصر کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ آخری میچ میں دمشق اور جدہ ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔