نابالغی میں ہی ڈرائیونگ سیکھ لی تھی، غزوہ العتیبی
جدہ ..... اسکالر خاتون غزوہ العتیبی نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے سن بلوغت کو پہنچے سے قبل ہی ڈرائیونگ سیکھ لی تھی۔ والدہ نے اردن سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا تھا اور اس میدان میں وہ ان خواتین میں سے ایک تھیں جنہوں نے سب سے پہلے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا۔ غزوہ العتیبی نے بتایا کہ میں نے تفریح کیلئے نہیں بلکہ ضرورت کے تحت ڈرائیونگ سیکھی تھی۔ مجھے اپنی بہنوں کو اسکول پہنچانا ہوتا تھا اور پھر گھریلو سامان کی خریداری کیلئے بازار بھی جانا ہوتا تھا۔ اردن سے سعودی عرب اور یہاں سے امریکہ اور سوئٹزرلینڈ جانا ہوا۔غزوہ عکاظ اخبار کو بتاتی ہیں کہ لڑکیوں کو سب سے زیادہ مشکل ٹائر بدلنے میں پیش آتی ہے مگر خوشی اس بات کی ہے کہ رضاکارمرد آگے بڑھ کر یہ کام انجام دیدیتے ہیں۔ اردن کے سرحدی علاقے میں ٹریفک خلاف ورزی کی مرتکب ہوگئی تھیں تاہم انہوں نے یہ جان کر کہ میں سعودی ہوں جرمانہ معاف کردیا تھا۔ نیویارک میں ایک بار سگنل توڑ بیٹھی تھی۔ نو اسٹینڈنگ کا مطلب سمجھے بغیر آگے بڑھ گئی تھی جرمانہ آیا تھا لیکن وہ بھی رینٹ اے کار ایجنسی کو دینا پڑا۔