پاکستان تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے ،احسن اقبال
اسلام آباد... وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی کمر توڑ دی ۔ اب پاکستان بیڑہ غرق اور ستیاناس نہیں رہا بلکہ اقتصادی ترقی کی جانب گا مزان ہے ۔اسلام آباد ا ئیر یونیو رسٹی میں سائبر سیکیورٹی قومی مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران انہوںنے کہا کہ میرے ساتھ جوواقعہ پیش آیا اس بات کوزیادہ یقین سے جانا ہے کہ مارنے والے سے بچانے والا زیادہ بڑا ہوتا ہے ۔ مجھے لگنے والی گولی ہمیشہ یاد دلاتی رہے گی کہ اللہ سب سے بڑا ہے ۔میرے جسم میں لگی گولی نے میرا بازو پاش پاش کردیا لیکن میرے جذبے پر فرق نہیں آیا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈپریشن پیدا کرنے والے لوگ سقراط اور بقراط بنے ہوئے ہیں ۔ہرشام وہ ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر کہتے ہیں کہ پاکستان کا ستیا ناس اوربیڑا غرق ہوگیا ۔ یہ شاید عوام کے نہیں ڈپریشن کی دوائیاں بیچنے والوں کے نمائندے ہیں ۔اقتصادی ترقی چوکے چھکوں کا میچ نہیں ۔ یہ ٹیسٹ میچ کی طرح ہے جس میں اسی کی جیت ہوگی جو زیادہ وقت اور تحمل کے ساتھ کھیلے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ آج ہمیں خطرناک ملک نہیں تیزی سے ترقی حاصل کرنے والا ملک کہا جا رہا ہے۔ ہمیں دنیا کہتی تھی کہ ہم پتھرکے دور میں چلے گئے اورآگ سے روشنی لے رہے ہیں ۔ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کردی ۔ملک میں 10 ہزارمیگا واٹ اضافی بجلی پیدا کی ۔ اس وقت 3 جی اور 4 جی ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں ۔پاکستان 5 جی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے صف اول کے ممالک میں ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا چایئے کہ آگے کیا کرنا ہے کیو نکہ ہم سے پیچھے رہ جا نے والے ملک آگے نکل گئے ۔