Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینما گھروں میں قومی ترانہ بجایا جائے،سپریم کورٹ

نئی دہلی.. سپریم کورٹ نے رولنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے تمام سینما گھروں میں قومی ترانہ لازمی طور پر بجایا جائے تاکہ لوگوں میں جذبہ حب الوطنی فروغ پا سکے۔ سپریم کورٹ کی 2رکنی بنچ کے جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس امیتابھ رائے نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی ترانے سے شہریوں کو فخر کرنے کا سبق لینا چاہیے اور انہیں قومی ترانہ گانے اور بجانے کی تربیت بھی ملنی چاہیے۔ رولنگ میں کہا گیا ہے کہ لوگ آج کل قومی ترانے کے پڑھنے کا طریقہ بھی نہیں جانتے لہذا انہیں یہ عمل سکھانے کی ضرورت ہے۔ بنچ نے یہ بھی واضح کردیا کہ فلم شروع ہونے سے قبل جب قومی ترانہ بجایاجائے تو اسکرین پر قومی پرچم بھی لہراتا رہنا چاہیے۔ہال میں بیٹھے ہوئے تمام ناظرین احترام میں فوراً کھڑے ہوجائےں تاکہ ان میں جذبہ حب الوطنی فروغ پائے اور وہ مستحکم ہوجائے۔بہت سی ریاستوں کے سینما گھروں میں قومی ترانہ بجنے پر متعدد ناظرین کھڑے نہیں ہوتے جس پر ریمارکس دیتے ہوئے بنچ نے کہا کہ تمام شہریوں پر قومی پرچم اور ترانے کا احترام لازم ہے۔عدالت نے کہا کہ قومی ترانہ کوئی ورائٹی شو نہیں ہوتا اس لئے اس کو ڈرامائی انداز میں استعمال نہیں ہونا چاہیے۔عدالت نے یہ بھی کہا کہ وقت آگیا ہے کہ جب لوگوں کو قومی ترانے اور قومی پرچم کی اہمیت کا علم ہونا چاہیے کیونکہ یہ آئینی حب الوطنی کا ایک حصہ ہے۔ لوگوں کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ یہ ان کا ملک ہے جہاں انہیں مکمل آزادی حاصل ہے اور وہ ہر طرح کے بنیادی حقوق کے استعمال کےلئے پوری طرح آزاد ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو 10دن کی مہلت دی ہے۔ 

شیئر: