Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ریال کے کرنسی نوٹ کی جگہ دھاتی سکے آج سے رائج کئے جائیں گے

ریاض..... سعودی مانیٹرنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ مملکت میں آج سے ایک ریال والے کرنسی نوٹ کی جگہ دھاتی سکے متعارف کروائے جارہے ہیں ۔ ساما کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چھوٹے کرنسی نوٹوں کی جگہ دنیا بھر میں دھاتی سکے رائج ہیں جو کہ دیرپا ہو تے ہیں ۔ مملکت میں ایک ریال والے کرنسی نوٹوں کو بتدریج دھاتی سکے میں تبدیل کیاجائے گا جس کا آغاز آج سے کیا جارہا ہے ۔ ساما کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے عہد حکومت میں دھاتی سکوں کو رائج کیا جا رہاہے ۔ شاہی احکامات پر عمل کرتے ہوئے اعلی معیار کے سکے تیار کئے گئے ہیں جن میں ایک ، پانچ ، دس ، پندرہ ، 25 اور 50 ہلالے کے سکو ںکے علاوہ ایک ریال اور 2 ریال کے سکے بھی متعارف کروائے جارہے ہیں ۔ سعودی مانیٹرنگ ایجنسی کی جانب سے دھاتی سکوں کی مارکیٹ میں مستقل بنیادو ں پرفراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جامع انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ مارکیٹ کو کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ دھاتی سکوں کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ دھاتی سکوں کے استعمال کی عمر 20 سے 25 برس ہوتی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں کرنسی نوٹ کی انتہائی عمر 10 سے 18 ماہ تک ہوتی ہے جس کے بعد ان نوٹوں کو تلف کر کے نئے کرنسی نوٹ تیار کئے جاتے ہیں ۔ اس اعتبار سے دھاتی سکے دیر پا ہوتے ہیں ۔ سعودی مانیٹرنگ ایجنسی کی جانب سے تمام بنکوں بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دھاتی سکوں کی مستقل فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ 
 

شیئر: