جازان پرحوثیوں کے میزائل حملے ناکام بنا دیئے گئے ، جنرل المالکی
جازان - - - اتحادی افواج کے ترجمان جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ ایرانی نواز حوثی باغیوں کی جانب سے جازان پر مارے جانے والے میزائل کو تباہ کر دیا گیا ۔ حوثی ملیشیاکی جانب سے یمن کی کمشنری صعدہ سے جازان پر میزائل داغا گیا تھا ۔ باغیوں کا نشانہ جازان شہر تھا تاہم اتحادی افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے میزائل کو فضا میں ہی اینٹی میزائل سے تباہ کر دیا ۔ میزائل کے چند ٹکڑے شہری آبادی پر بھی گرے تاہم اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔ حوثی باغیوں کی جانب سے مسلسل مملکت کی شہری آبادی کونشانہ بنایا جارہا ہے جو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ جنرل المالکی نے مزید کہا کہ ایران نواز حوثی باغیوں کے مسلسل میزائل حملے اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ انہیں ایران کی جانب سے کمک مل رہی ہے ۔ شہری آبادی کونشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے ۔