کلبھوشن کو ہند کے حوالے نہیں کریں گے،دفترخارجہ
اسلام آباد.... ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان نہیں چاہتا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ کسی بڑے تنازعہ کا سبب بنے۔ ہند عالمی قوانین کی پاسداری نہیں کررہا ۔ آبی تنازعات کسی خطرناک حد تک بھی جاسکتے ہیں۔ عالمی بینک کی جانب سے ناکافی دلائل کہنے سے معاملہ ختم نہیں ہوگا۔ملکی سالمیت اوردفاعی ضروریات پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ دفترخارجہ میں پریس بریفنگ کے دوان ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کشمیر میں معصوم شہریوںپر ہندوستانی فوج کاظلم وستم جاری ہے۔ شوپیاں میں افطار کے بعد کشمیریوں پر فائرکھول دیا۔ہند کشمیر میں نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے بلکہ لائن آف کنٹرول پر بھی تواتر کے ساتھ اشتعال انگیزی جاری ہے۔ایک سوال پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ امریکی سفارت خانے کی جانب سے امریکی شہریوںاور سفارتی عملے کو ہراساں کئے جانے کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔امریکہ اتحادی فنڈز، مالی امداد پہلے ہی بند کرچکا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں اسلحہ کی دوڑ کے خلاف ہے۔ ہند کی جانب سے جدید ہتھیاروں کی خریداری خطے میں عدم استحکام کا باعث بنے گی۔ پاکستان ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھارہا ہے اور یہ کوشش جاری رہے گی۔ دفترخارجہ نے کہا کہ ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادوکے کیس میں پاکستان اپنا جواب جولائی میں جمع کرائے گا۔پاکستان قطعی طور پر کلبھوشن کو ہندکے حوالے نہیں کرے گا۔