ڈمپر کی ٹکر اور ٹرالر الٹنے سے9ہلاکتیں
ملتان... پنجاب میں ٹریفک کے2 حادثات میں9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ شجاع آباد میں موٹر وے کے تعمیراتی کام کے دوران ڈمپر کی ٹکر سے 5 مزدور جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق انٹر چینج پر تعمیراتی کام کے آخری مراحل کے دوران ایک ڈمپر کی ٹکر سے 3 مزدور جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی مزدوروں کو تشویشناک حالت میں نشتر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج مزید 2 زخمی چل بسے۔ پولیس نے ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔دریں اثناءرحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر لاہور سے کراچی جانیوالے ٹرالر پر رکھا کنٹینر جھونپڑیوں پر الٹ گیا۔ 3 بچوں اور ایک خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ لیاقت پور میں ترنڈہ قومی شاہراہ پر حادثہ پیش آیا۔بدنصیب خاندان کے اوپر گرے کنٹینر کو کرین کی مدد سے ہٹایا گیا ۔پولیس کے مطابق ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔